رمضان کی آمد سے قبل پشاورمیں پیشہ ور گداگروں کی بھرمار

0
beggers

بازاروں میں خریدار کم اور بھکاریوں کی تعداد میں اضافہ ہو نے لگا ،شہری پریشانی میں مبتلا

مکروہ دھندے میں بچوں کا استعمال بڑھ گیا،بیماریوں کے نام پر بھی پیسے بٹورے جانے لگے

پشاور:رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی پشاورمیں پیشہ ور گداگروں کی بھرمار ہو گئی اور بازاروں میں خریدار کم جبکہ بھکاریوں کی تعداد زیاد ہ ہے جنہوں نے صدقات اور خیرات کیلئے شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل بنا رکھا ہے جبکہ گھروں پر بھی دستک دے کر بھیک مانگ رہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق رمضان سے قبل ہزاروں کی تعداد میں بھکاریوں نے پشاور کا رخ کرلیا ہے اور مختلف علاقوں میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں جن میں اس مرتبہ خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے اور پیشہ ور بھکاری مکروہ دھندے میں بچوں کا استعمال بھی کر رہے ہیں جن کی بیماری کے بہانے بھی پیسے بٹورے جارہے ہیں جبکہ بعض بھکاریوں نے بچوں کو پھٹے ہوئے کپڑے پہناکر ان کے لئے کپڑوں کی بھی بھیک شروع کر دی ہے ۔ نشہ کرنے والے افراد بس اڈوں،ہسپتالوں اور مساجد کے باہر بچوں کو اٹھا کے ان کے نام پر بھیک مانگ رہے ہیں۔پشاور کے شہری علاقوں سمیت صدر میں فٹ پاتھوں پر بچوں کو لٹائے خواتین بھی بھیک مانگتی نظر آرہی ہیں ۔واضح رہے کہ پہلے صرف رمضان المبارک اور عید کے موقع پر ہی گداگر پشاو ر کا رخ کرتے تھے تاہم اس مرتبہ بھکاریوں کی بہت بڑی تعداد رمضان سے قبل ہی پشا ور پہنچ چکی ہے۔شہریوں نے انتظامیہ سے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

Leave a Reply