فیرن کے عالمی دن پر کشمیر پریس کلب میرپور میں تقریب ،وزیر حکومت محترمہ نبیلہ ایوب کی شرکت

0
IMG-20260124-WA0023.jpg

میرپور(رپورٹ / ملک صدام سے ) روایتی کشمیری لباس فیرن کے عالمی دن کے موقع پر کشمیر پریس کلب میں عالمی فیرن ڈے کے سلسلہ میں تقریب منعقد کی جس کی مہمان خصوصی آزاد کشمیر کی وزیربرائے کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز محترمہ نبیلہ ایوب تھیں جبکہ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد اسلم نے کی اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر امجد انصاری نے سرانجام دیے۔ تقریب سے آزاد جموں و کشمیر بار کونسل کے وائس چیئرمین چوہدری طارق بشیر ایڈووکیٹ،جماعت اسلامی کے راہنما ڈاکٹر ریاض، ڈسٹرکٹ بار کے سیکرٹری جنرل محمد فیاض چوہدری ایڈووکیٹ،برطانیہ کے سینئر صحافی چوہدری ساجد یوسف، سابق ایڈمنسٹریٹر عبدالقیوم قمر، سابق ایڈمنسٹریٹرالحاج غلام رسول عوامی، سابق صدر پریس کلب الطاف حمید راؤ،راجہ حبیب اللہ خان،رانا شبیر راجوری، بشیراحمدشگو،پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر مرزاوجاہت بیگ، پروفیسر خواجہ خورشید، سابق صدربارچوہدری محفوظ ایڈووکیٹ،پروفیسرڈاکٹرشکیل غنی، سابق امیدواراسمبلی چوہدری محمدعارف، کونسلرامجدپاشا نے خطاب کیاجبکہ اس موقع پرسابق ڈی جی سیاحت ڈاکٹر محسن شکیل، ریجنل ڈائریکٹرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی شیخ فیصل شہزاد، انجمن تاجراں کے چوہدری محمدنعیم، صدرانجمن فلاح بہبود انسانیت ڈاکٹرطاہرمحمود،صابرمغل، گلریز انصاری، میرطارق،سینئر نائب صدر پریس کلب فیصل گلزار،،سابق صدرپریس کلب سجاد جرال، سینئرصحافیوں ظفراقبال مغل، سجادقیوم خانپوری، راشدبشیر،زاہد بشیر،عمران چوہدری،آصف اقبال، سید شیراز بخاری،ممتازخاکسار، اسامہ حضر،اعظم خان کے علاوہ مختلف مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر مرد وزن اور بچوں نے کشمیری ثقافت کی پہچان اور روایتی لباس فیرن پہن کر کشمیری تہذیبی شناخت سے وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا۔تقریب میں ہرطرف کشمیری تہذیب وثقافت اور فنون لطیفہ کے رنگ بکھررہے تھے۔
آزاد کشمیر کی وزیربرائے کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ فیرن صرف لباس نہیں بلکہ کشمیری تہذیب اور وقار کی علامت ہے، جسے نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے دن منانے سے کشمیری ثقافت کو فروغ ملتا ہے اور دنیا کوکشمیرکے حوالے سے مثبت پیغام جاتا ہے۔کشمیری شہیدوں کالہوہمیں یہ لباس اور ثقافت بھولنے نہیں دیتا،کشمیری ثقافت ہماری بنیادوں میں شامل ہے۔انھوں نے کہاکہ کشمیرسے میری جذباتی وابستگی ہے جس کے لیے میں 2007میں مقبوضہ کشمیرگئی اور وہاں کشمیری حریت راہنماؤں،کشمیری ماؤں بہنوں سے ملاقاتیں کیں،دورہ مقبوضہ کشمیر میری پوری زندگی کا حسین ترین دورہ تھا۔دورہ کے دوران ہمیں کشمیری حریت راہنما سیدعلی گیلانی  سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی جس کامجھے آج بھی دکھ ہے۔کشمیری حریت راہنمایاسین ملک نے ہمیں اپنے گھرکھانے پرمدعو کیااور ہماری خاطرتواضع کی۔مجھ پراللہ تعالیٰ کاخاص کرم ہے کہ مجھے کشمیرکاز کاوزیربنایاگیاہے تاکہ میں کشمیرکاز کے لیے اپناکرداراداکرسکوں۔ میں نے وزارت کاحلف لینے کے بعد مختلف کشمیرکے متعلق سیمیناراور ثقافت کے حوالے سے تقریبات میں شرکت کی۔جلد ہی کشمیری تہذیب وثقافت،فنون ولطیفہ کے فروغ کے لیے مزیدعملی اقدامات اٹھائیں گے۔انھوں نے کہاکہ بھارت کی ریاست بہارکے وزیراعلیٰ کی طرف سے خاتون کے نقاب اتارنے کی بھرپورمذمت کرتی ہوں اور اقوام متحدہ سمیت عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز مظالم کورکوانے میں اپناکرداراداکریں۔کشمیرکی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے حکومت آزاد کشمیر ہرممکن اقدامات اٹھائے گی جبکہ کشمیری روایتی صنعتوں سے وابستہ ہنرمند مرد و خواتین جو فیرن کو تیار کریں گے ان کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنرچوہدری ساجد اسلم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی تقریب سے ہمیں قدیم کشمیری ثقافت کوآنے والی نسلوں تک پہنچانے میں مددملتی ہے۔ ہم نوجوانوں کواس طرح کی ثقافتی تقریبات،ادبی محفل، سپورٹس ایونٹ منعقد کرواکرانھیں اپنی ثقافت منتقل کرسکتے ہیں۔دیگرمقررین نے بھی میزبان تقریب ڈاکٹرامجدانصاری کو فیرن کی عالمی دن کے موقع پرتقریب منعقد کرنے پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں آنے والی نسلوں کوکشمیرکی ثقافت سے روشناس کروانے کے لیے اس طرح کی تقریبات منعقد کرنی چاہئیں تاکہ ہماری قدیم تہذیب و ثقافت زندہ رہ سکے۔ مقررین نے کہاکہ ڈاکٹرامجدانصاری کشمیری کلچربھولے نہیں بلکہ اس حوالے سے اپنابھرپورکرداراداکررہے ہیں اوران کی رہائش گاہ میں سرینگرکی جھلک واضع نظرآتی ہے۔ڈاکٹرامجدانصاری نے شرکاء تقریب کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے کشمیری فیرن ڈے میں بھرپورشرکت کرکے کشمیری تہذیب وتمدن سے اپنی گہری وابستگی اورمحبت کااظہارکیاہے۔

Leave a Reply