کھڑی شریف کا اعزاز راجہ نوید اختر گوگا چیئرمین ضلع کونسل میرپور

ضلع میرپور کا رقبہ 575 کلومیٹر یعنی 222مربع میل اس کی تحصیلوں کی تعداد 4 ہے میرپور ڈڈیال اسلام گڑھ چکسواری ، کھڑی شریف کو تحصیل بنانے کا اعلان وزیر اعظم آزاد کشمیر نے دوران بلدیاتی انتخابات کیا تھا ۔میرپور آزاد کشمیر کا سب سے بڑا شہر ہے اور ضلع کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے میرپور آزاد کشمیر کے انتہائی جنوب میں ہے میرپورکی سطح سمندر سے بلندی 459 میٹر ہے دارالحکومت اسلام آباد سے اس کا فاصلہ 125 کلومیٹر ہے میرپور آزاد کشمیر میں ہی نہیں بلکہ پاکستان میں اور دنیا بھر میں اپنی خاص پہچان رکھتا ہے پاکستان کا دوسرا بڑا ڈیم منگلا ڈیم جو 1960 میں بنا مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ بھی اہل میرپور کی محبتوں کا ثبوت ہے منگلا ڈیم کی تعمیر کے وقت میرپور کے لوگوں نے عظیم قربانی دے کر اپنے گھر اپنی زمینوں کو اپنے آباو اجداد کی قبروں کو پانی کی نظر کیا منگلا ڈیم بناتے وقت جو معاہدہ ہوا اس پر بھی پوری طرح سے عمل درآمد نہیں ہو سکا منگلا ڈیم کی تعمیر کے وقت تقریبن 50 ہزار سے زائد لوگوں نے ہجرت کر کے چکسواری اسلام گڑھ کھڑی شریف کے علاوہ پاکستان کے دوسرے علاقوں میں سکونت اختیار کی،موجودہ میرپور 1960 کے بعد آباد ہوا اختصار کے ساتھ آپ کی دلچسپی کے لیے تعارف کے بعد ذکر آزاد کشمیر میں 31 سال کے بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا،آزاد کشمیر حکومت نے سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے فیصلے کی روشنی میں ڈویژن کی سطح پر 27 نومبر مظفرآباد 03 دسمبر راولاکوٹ 08 دسمبر میرپور انتخابات کروانے اس وقت سے بلدیاتی انتخابات کے مراحل 2 مارچ کو ضلع کونسل یونین کونسل میونسپل کارپوریشن ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہونے پر اختتام پذیر ہو ں گے ضلع میرپور کی ضلع کونسل کے چیئرمین کا انتخاب بلا مقابلہ ہو چکا ہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہر دلعزیز شخصیت راجہ نوید اختر گوگا بلا مقابلہ چیئرمین ضلع کونسل میرپور منتخب ہونے ہیں چونکہ ضلع میرپور میں ڈسٹرکٹ کونسلرز کی تعداد پاکستان تحریک انصاف کے پاس( 34) زیادہ تھی بنا بریں بھی اپوزیشن کے پاس مقابلہ کرنے کی پوزیشن نہیں تھی تاہم راجہ نوید اختر گوگا کی شخصیت کے پیش نظر بھی مقابلے میں کوئی امید وار نہیں آیا یوں یہ اعزاز کھڑی شریف کو حاصل ہوا ہے کہ راجہ نوید اختر گوگا کھڑی شریف کے پہلے چیئرمین ضلع کونسل منتخب ہوئے ہیں راجہ نوید اختر گوگا ایک سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں زیلدار راجہ صفدر حسین کا شمار دیرینہ مسلم کانفرنس کے زعماء میں ہوتا تھا راجہ نوید اختر گوگا نے زمانہ طالب علمی سے سیاسی سفر کا آغاز کیا ایک شعلہ بیان مقرر کے طور مشہور ہوئے اسٹوڈنٹ یونین کے صدر بنے ان کا شمار راقم کے قریبی عزیزوں میں ہوتا ھے کردار اور لباس کے اعتبار سے انتہائی نفیس شخصیت کے مالک ہیں کھڑی شریف کی سیاست میں بھی جاندار کردار ادا کیا جب مسلم کانفرنس میں تھے تو ان کا شمار سردار عتیق احمد خان کے قریبی رفقاء ہوتا تھا اصولوں پر کمپرومائز نہیں کرتے مسلم لیگ ن جب بنی تو اس میں چلے گئے اور امید وار قانون ساز اسمبلی کے لیے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے میاں محمد شہباز شریف کھڑی شریف میں ان کے انتخابی جلسے میں شرکت کے لیے آئے اس کے باوجود ممبر اسمبلی تو نہ بن سکے لیکن سیاست میں متحرک رہے مسلم لیگ ن سے نالاں ہونے تو حلقہ کھڑی شریف کے معروف سیاسی خاندان چوہدری نور حسین خاندان سے روابط بڑھانے میں کامیاب ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تحریک انصاف کی حکومت میں ان کی ایڈجسٹمنٹ تو نہ ہو سکی لیکن انہوں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری صدر ریاست کے ساتھ جڑے رہنے کا فیصلہ کر کے سیاسی بصیرت کا ثبوت دیا جب 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کا چرچا ہوا اس وقت راجہ نوید اختر گوگا نے اپنے قریبی رفقا سے مشاورت کے بعد ضلع کونسل میرپور کی نشت کے لیے اپنی آبائی یونین کونسل سنکیاہ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا یوں ایک قد آور سیاسی شخصیت کے طور پر پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر بھاری اکثریت سے ایک بڑی لیڈ کے ساتھ کامیاب ہوئے ان کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری عامر حسن سابق پبلک ریلشن آفیسر چوہدری رخسار احمد سابق وزیر آزاد کشمیر تھے یہ راجہ نوید اختر گوگا کے مقابلے میں اتنے مضبوط امیدوار نہیں تھے لیکن دل ناتواں نے مقابلہ خوب کیا اور اچھے خاصے ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے،ان بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے کھڑی شریف میں سے ضلع کونسل کی دس میں سے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے مجموعی طور پر ضلع میرپور کے چاروں حلقہ انتخاب میں 21 نشستیں حاصل کر کے ضلع کونسل میرپور کی چیئرمین شپ کنفرم کر لی لوگوں کا گمان تھا کہ اب کی بار پھر راجہ نوید اختر گوگا کو نظر انداز کر کے جاٹ قبیلے کے کسی ممبر ضلع کونسل کو چیئرمین بنایا جائے گا کیوں کہ ضلع کونسل میں جاٹ قبیلے کی اکثریت تھی تاہم صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر حکومت چوہدری ارشد حسین چوہدری اظہر صادق چوہدری یاسر سلطان نے تمام ممبران ضلع کونسل کی رائے معلوم کرنے کے بعد راجہ نوید اختر گوگا کو ضلع کونسل کے چیئرمین کے عہدے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ جاری کیا راجہ نوید اختر گوگا نے کاغذات نامزدگی جمع کرواہے لیکن مقررہ وقت تک ان کے مقابلے میں کسی ممبر ضلع کونسل نے بطور امید وار چیئرمین ضلع کونسل میرپور کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرواہے یوں راجہ نوید اختر گوگا بلا مقابلہ چیئرمین ضلع کونسل میرپور منتخب ہونے میں کامیاب ہوگئے کھڑی شریف کا یہ اعزاز ہے کہ راجہ نوید اختر گوگا پہلے براہ راست منتخب ممبر ضلع کونسل بلا مقابلہ چیئرمین ضلع کونسل میرپور منتخب ہوئے ہیں قبل ازیں راجہ ظفر معروف سردار عتیق احمد خان کے دور حکومت میں ضلع کونسل میرپور کے ایڈمنسٹریٹر رہ چکے ہیں ان کے دور کے کچھ اقدامات اب بھی زمین پر نظر آتے ہیں اس وقت کھڑی شریف کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،وزیر حکومت چوہدری ارشد حسین،وزیر حکومت فرزند صدر ریاست،یاسر سلطان چوہدری کا تعلق بھی کھڑی شریف سے ھے اس وقت اقتدار کی طاقت کے تمام چشمے یہاں سے پھوٹ رہے ہیں کھڑی شریف کے اعزاز میں یہ بھی اضافہ ہوا ہے کہ اس وقت کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی ہمارے عزیز،ڈیپٹی کمشنر میرپور چوہدری امجد اقبال،ایڈیشنل ڈیپٹی کمشنر میرپور چوہدری یاسر ریاض بھی ہمارے عزیز ہیں اب تو اہلیان کھڑی کی پانچوں انگلیاں گھی میں ہونے کے مترادف ہیں اگر پھر بھی کھڑی شریف کے دیرینہ مسائل حل نہ ہوئے تعمیر و ترقی کا ریکارڈ نہ بنا تو پھر اہلیان کھڑی شریف آنے والے جنرل انتخابات میں اپنا فیصلہ تبدیل کر سکتے ہیں کہ تعمیر و ترقی کس کا منشور ہے اور کون تعمیر و ترقی کا ایک طویل ریکارڈ رکھتا ہے چوہدری رخسار احمد سابق وزیر آزاد کشمیر نے بطور ممبر اسمبلی اور وزیر جو کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے دیے تھے ان میں سے کچھ پر ابھی بھی کام جاری ہے ان کو نہ تو بڑی وزارت دی گئی اور نہ ہی اتنی اہمیت لیکن انہوں نے پھر بھی اپنی کوششوں اور محنت سے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی اب چوہدری ارشد حسین کے پاس بڑی وزارت بھی ہے بڑا سیاسی گھرانہ بھی اس وقت اقتدار کے وہ اہم ستون ہیں لیکن ہم نے گزشتہ دوسال میں تو کھڑی شریف میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے ان کی رفتار انتہائی سست دیکھی ہے تاہم پھر بھی ہم اہل منصب کو وقت دیتے ہیں کہ کھڑی شریف کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی سعی کریں،ہم اگلے کالم میں کھڑی شریف کے بنیادی مسائل کی نشاندہی بھی کر کے اپنا حق ادا کریں گے راجہ نوید اختر گوگا بلا مقابلہ چیئرمین ضلع کونسل منتخب ہو چکے ہیں اب ان کی آزمائش شروع ہو چکی ہے ان کی کارکردگی پر انے والے دنوں میں بات ہو گی لیکن ہم توقع رکھتے ہیں کہ بطور چیئرمین ضلع کونسل ان کے اقدامات پورے ضلع میرپور کے لیے بالعموم اور کھڑی شریف کے لیے بلخصوص مثالی ہوں گے جس طرح ان کا سیاسی کردار مثالی رہا ہے اللہ تعالٰی ہم سب کو ایک دوسرے کے لیے آسانیاں تقسیم کرنے کی توفیق عطا فرمائے امین