صفحۂ اول » پاکستان

نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی ریفرنڈم سے ہونا چاہیے، محسن نقوی

خبر شیئر کریں: Facebook · WhatsApp ·

 لاہور (آوازہ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اور چیٔرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوامی ریفرنڈم کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیں تو ان کا قیام عمل میں آنا چاہیے، جبکہ عوام کی مخالفت کی صورت میں اس فیصلے کا بھی احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے ملک میں کرپشن کی موجودگی کا اعتراف کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے اور سرکاری اداروں میں شفافیت یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت اور عوام کی بالادستی کی بات کرتی ہیں، اس لیے اس معاملے پر عوام کی رائے حاصل کرنا ہی بہتر راستہ ہے۔ ان کے مطابق سیاسی جماعتوں کا مؤقف اور مشاورت اپنی جگہ اہمیت رکھتے ہیں اور ہر جماعت کو اختلاف رائے کا حق حاصل ہے، تاہم حتمی فیصلہ عوام کی خواہش کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کریں تو اس فیصلے پر عمل ہونا چاہیے، لیکن اگر عوام اس کے حق میں نہ ہوں تو وہ بھی اس فیصلے کی حمایت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی جماعتوں، بشمول پاکستان پیپلز پارٹی، کا اس معاملے پر اپنا اپنا مؤقف ہے اور کسی کی رائے کو نظرانداز نہیں کیا جا رہا۔ وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ سامنے آنے والی سروے رپورٹس میں بھی اکثریت نئے صوبوں کے قیام کی حامی دکھائی دیتی ہے۔ ان کے بقول اگر سیاسی جماعتوں کے پاس ریفرنڈم کے مقابلے میں کوئی بہتر تجویز موجود ہے تو اسے بھی عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے تاکہ اس معاملے پر فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق ہوسکے۔ محسن نقوی نے کہا کہ  بلاول بھٹو نے کہا ملک میں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے، میری ذاتی رائے ہے کہ تمام چیزیں ری سیٹ ہونی چاہئیں، میری اور بلاول بھٹو صاحب کی رائے ایک جیسی ہے، سسٹم تو سارے کا سارا ٹھیک ہونے والا ہے۔ وہ اور چیٔرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک صفحے پر ہیں اور ملک کے نظام میں بہتری کے لیے اہم معاملات پر اتفاق رائے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل تمام جماعتیں اہمیت رکھتی ہیں اور بڑے فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم کسی ایک سیاسی یا مذہبی شخصیت تک محدود نہیں۔ اس کارروائی کے دوران تقریباً 5 سے 6 ہزار افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی مولانا کے 6 سے 7 لوگوں کو نوٹس جاری ہوئے ہیں، مولانا کو نوٹس جاری نہیں ہوا انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد میں سرکاری زمین پر بڑے پیمانے پر قبضے کیے گئے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی گزشتہ چار سے پانچ ماہ سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے تجاوزات کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں، تاہم بعض اوقات ملزمان عدالتوں سے ریلیف حاصل کرلیتے ہیں، جس سے اداروں کی کارروائیاں متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر شہری کو قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اگر کوئی کہہ رہا ہے کہ ملک میں کرپشن نہیں تو معذرت کے ساتھ کرپشن موجود ہے، جہاں کرپشن ہے اسے تسلیم کرنا اور درست کرنا ہوگا۔ملک میں کرپشن موجود ہے اور اس حقیقت سے انکار کرنے کے بجائے جہاں بدعنوانی ہو اسے تسلیم کرکے شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق وزارت داخلہ میں بھی سخت اقدامات کے باوجود کرپشن کے معاملات سامنے آئے ہیں اور ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں بھی بدعنوانی کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی( سی ڈی اے )سے متعلق بڑے مقدمات پر کام کر رہی ہے، جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آفس مینجمنٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے گریڈ 17 کے ایک سرکاری افسر کو بھی گرفتار کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ایک بڑے امتحانی فراڈ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک گروہ نے تقریباً پانچ ہزار پاکستانیوں کو بین الاقوامی جامعات کے امتحانات میں ناجائز طریقے سے کامیابی دلوائی۔ ان کے مطابق این سی سی آئی اے نے اس معاملے کا سراغ لگایا ہے اور اس نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن جرائم کے متعدد واقعات میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بچیوں کو بلیک میل کرنے اور انہیں ہراساں کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جو قانونی حقوق بنتے ہیں وہ انہیں ملیں گے۔ چیٔرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان آئندہ ایک سے دو روز میں کردیا جائے گا۔ انہوں نے ٹیم کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کھلاڑیوں کی پرفارمنس میں بہتری آئی ہے اور نتائج بھی بہتر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ٹیم میں کسی تبدیلی کا فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم مستقبل میں کوئی تبدیلی ہوئی تو اس سے متعلق آگاہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی خامیوں اور کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور انہیں اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے۔ محسن نقوی نے بتایا کہ این سی سی آئی اے محمد رضوان سے دوبارہ رابطہ کرے گی، جس کے بعد متعلقہ رپورٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی تعمیر و تکمیل کا کام جاری ہے اور اسے 31 جنوری تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس اکیڈمی میں نوجوان کرکٹرز کی تربیت اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے پر توجہ دی جائے گی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *