میرپور: حکومت پاکستان نے ملک کے اہم ترین آبی ذخائر میں شامل منگلا ڈیم کی ریزنگ کے منصوبے پر دوبارہ توجہ مرکوز کر دی ہے۔ منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کے دوسرے نظرثانی شدہ پی سی ون کی مجموعی لاگت 102 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔ منصوبے کا بنیادی مقصد ملکی آبی ذخائر کے نظام کو مضبوط بنانا، پانی کی طویل المدتی ضروریات پوری کرنے اور قومی سطح پر پانی و غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنا ہے۔
دریائے جہلم پر ضلع میرپور میں تعمیر ہونے والا منگلا ڈیم پاکستان کی آبی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ سندھ طاس معاہدے کے بعد پانی ذخیرہ کرنے کے بڑے منصوبوں میں شامل اس ڈیم کی تعمیر کا آغاز 1962ء میں ہوا اور 23 نومبر 1967ء کو اس وقت کے صدر پاکستان فیلڈ مارشل ایوب خان نے اس کا افتتاح کیا۔ ابتدائی طور پر ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش تقریباً 5.88 ملین ایکڑ فٹ تھی۔ منگلا ڈیم نہ صرف ملک میں آبپاشی کے لیے پانی فراہم کرتا ہے بلکہ پن بجلی کی پیداوار میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
منگلا ڈیم کی تاریخ میں پہلی بڑی توسیع 2002ء میں منظور کیے گئے منصوبے کے تحت شروع ہوئی، جبکہ عملی تعمیراتی کام 2004ء میں شروع کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت ڈیم کی بلندی میں 30 فٹ اضافہ کیا گیا اور اس کی سطح 1242 فٹ کر دی گئی۔ منصوبہ دسمبر 2009ء میں مکمل ہوا، جس کے نتیجے میں پانی ذخیرہ کرنے کی قابل استعمال گنجائش میں تقریباً 2.88 ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہوا اور مجموعی گنجائش تقریباً 7.4 سے 7.5 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ گئی۔
منگلا ڈیم کا پن بجلی گھر بھی ملک کے توانائی نظام میں نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔ مختلف ادوار میں دس پیداواری یونٹس نصب کیے گئے، جن کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 1000 میگاواٹ تک پہنچائی گئی۔ پاور ہاؤس کی جدید کاری اور مشینری کی ریفربشمنٹ کے منصوبے کے تحت اس صلاحیت کو 1310 میگاواٹ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اب منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کے دوسرے نظرثانی شدہ پی سی ون کی لاگت 102 ارب روپے مقرر کیے جانے کو پاکستان کے آبی شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ یوران پاکستان کے ماحولیات، پانی اور غذائی تحفظ کے قومی اہداف سے بھی منسلک ہے۔ منگلا ڈیم کی استعداد میں بہتری سے زرعی ضروریات، پانی کی دستیابی اور مستقبل کے آبی چیلنجز سے نمٹنے کی قومی حکمت عملی کو تقویت مل سکتی ہے۔


سابق ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر حکومت کا سٹیٹ سبجییکٹ منسوخ:
Leave a Reply